26 جون ، 2012
جوبا… جنوبی سوڈان میں تین ماہ کے دوران قبائلی جھڑپوں میں 900 شہری ہلاک ہوگئے ۔ اقوام متحدہ کے مشن برائے جنوبی سوڈان ( یو این ایم آئی ایس ایس) کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال دسمبر سے لے کر فروری 2012ء کے دوران متحارب قبائلی گروپوں کے درمیان ایک دوسرے کے علاقوں میں چراگاہوں پر قبضے کیلئے ہونے والی خونریز جھڑپوں میں کم از کم 900جنوبی سوڈانی موت کا شکار ہوگئے۔ ان جھڑپوں میں مشرقی جونگلائی ریاست میں لونیور قبیلے کے 70 ہزار نوجوانوں نے مسلح ہو کر متحارب مورالے قبیلے پر حملہ کیا اوراُن کے مردوں کو مار ڈالا اور مویشی، عورتیں اور بچے اپنے ساتھ غلام بنا کر لے گئے۔ اس لڑائی میں 612 افراد مارے گئے تھے اور بدلے کی لڑائی میں دوبارہ 226 ہلاک ہوئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق قبائلی جھڑپوں میں اس عرصہ میں 900نہیں بلکہ 2 سے 3 ہزار افراد مارے جاچکے ہیں ۔ جنوبی سوڈان میں تنازعات اور بدعنوانی کی وجہ سے صحت اور تعلیم کا معیار انتہائی پست ہے وہاں صرف ایک تہائی بالغ افراد تعلیم یافتہ ہیں۔