26 جون ، 2012
انقرہ… ترکی نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام نے ان کے ایک اور طیارے پر حملہ کر دیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق دارالحکومت انقرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترکی کے نائب وزیراعظم نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ شام کی جانب سے گزشتہ ہفتہ گرائے جانے والے لڑاکا طیارے کی تلاش میں حصہ لینے والے ایک اور طیارے پر حملہ کرتے ہوئے فائرنگ کی گئی ہے۔ انہوں نے طیارہ مار گرائے جانے کو دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن بین الاقوامی قانون کے تحت شام کیخلاف ہر ممکن کارروائی کرینگے۔ طیارہ مار گرائے جانے پر ترکی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بھی ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ طیارہ مار گرائے جانے سے خطے کی امن و سلامتی خطرے میں پڑ گئی ہے۔ دوسری جانب لکسمبرگ میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں بھی شام کی جانب سے ترک طیارہ گرانے اور دوسرے طیارے پر حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ اجلاس میں شام کیخلاف مزید پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں۔ اجلاس میں شام کے مسئلے پر عالمی برادری سے متحد ہونے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔