26 جون ، 2012
جنیوا… کشمیری رہنماؤں الطاف حسین وانی، سید فیض نقشبندی اور سردار امجد یوسف پر مشتمل ایک گروپ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سمیت عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ عالمی ادارے کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پرامن حل تلاش کرنے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انڈین کونسل آف ساؤتھ امریکہ کی طرف سے جنیوا میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت کے ذریعے دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کو اپنے قسمت کا فیصلہ کرنے کا حق دیاگیا ہے تاہم کشمیری عوام آج بھی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے منتظر ہیں۔ کشمیری رہنماؤں نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں تعینات سات لاکھ سے زائد قابض بھارتی فوجی نہتے کشمیریوں کی نسل کشیُ کر رہے ہیں جو کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت جس کی ضمانت انہیں اقوام متحدہ نے دی تھی کے حصول کیلئے پر امن طورپر جدوجہد کرر ہے ہیں تاہم بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار ان کی اس جدوجہد کو دبانے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کر رہے ہیں ۔ کشمیری رہنماؤں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے ہمہ گیر اعلامیہ اورانسانی حقوق کی کنونشوں کی کھلے عام خلاف ورزیاں کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے آرمڈ فورسز اسپیشل پاور زایکٹ جیسے کالے قوانین رائج کر رکھے ہیں۔