26 جون ، 2012
سرینگر … مقبوضہ کشمیر میں سرینگر کے علاقے خانیار میں درگاہ دستگیر صاحب میں آتشزدگی سے روحانی اور تاریخی ورثے کے ضائع ہونے کے خلاف مکمل ہڑتال کی گئی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمرفاروق، سید علی گیلانی، محمد یاسین ملک، مفتی بشیرالدین، بار ایسوسی ایشن اور دیگر تمام حریت رہنماؤں نے دی تھی۔سرینگر سمیت مقبوضہ کشمیر کے دیگر علاقوں میں بھارت مخالف مظاہروں کو روکنے کیلئے بھارتی فوج اور پولیس اہلکاروں کوبڑی تعداد میں تعینات کیا گیا تھا جبکہ خانیار ، صفاکدل ، راجوری کدل ، کوٹھی باغ ، عیدگاہ ، رعنا واری میں غیر اعلانیہ کرفیو اور مائسمہ ، آبی گزر، اور سرینگر کے دیگر علاقوں میں سخت پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔ادھر قابض انتظامیہ نے حریت چیئرمین میر واعظ عمر فاروق ، سید علی گیلانی ، محمد یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ ، بلال غنی لون ، نعیم احمد خان اور ظفر اکبر بٹ سمیت حریت رہنماؤں کو گھروں میں نظربند رکھا ۔