26 جون ، 2012
پشاور…22 جون کوبحرہند میں تارکین وطن کوانڈونیشیا سے آسٹریلیا جانے کی کوشش میں حادثے کا شکار کشتی میں دو سو سے زیادہ افراد سوار تھے جس میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جن میں سے17افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے۔ بحر ہند میں حادثہ کا شکار ہونے والی کشتی میں سوار 200 سے زیادہ افراد کا تعلق کرم ایجنسی کے علاقہ پاراہ چنار سے بتایا جا تا ہے ۔ کشتی کو پیش آنے والے حادثے کے بعد سے اب تک ان کے لواحقین مختلف طریقوں سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن تا حال انھیں مایوسی کا سامنا ہے۔متاثرہ خاندان کے مطابق صرف 76 افراد نے گھروں میں رابطہ کیا ہے ،جبکہ تا حال لاپتہ رہنے والے خاندانوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ وہ اپنے پیاروں سے رابطے کے لئے بے چین ہیں، لیکن وسائل اورذرائع مواصلات نہ ہونے سے وہ اپنے پیاروں سے بے خبر ہیں۔متاثرہ خاندانوں نے پاکستانی حکومت اور مختلف سماجی اداروں اور شخصیات سے رابطہ کیا ہے اور آس لگائے بیٹھے ہیں کہ کوئی ان کی مدد کو پہنچے گا۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ ان کی تشویش میں اضافہ ہورہا ہیں۔