27 جون ، 2012
کشمور…گڈوتھرمل پاور ہاوٴس کے سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے 7 مزدور وں کی ہلاکت کے خلاف جسقم نے سندھ پنجاب بارڈ پر دھرنا دیا۔جس میں شرکت کے بعد واپس آنے والے کارکنوں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 افرادزخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد شہر میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔ کشمور میں پانچ روز قبل گڈوتھرمل پاور ہاوٴس کے باہر سابق تحصیل ناظم کشمور میر عبدالروٴف کھوسو کے سیکیورٹی گارڈ نے مطالبات کے حق میں احتجاج کرنے والے مشتعل مزدوروں پر فائرنگ کردی تھی۔ گولیوں کی زد میں آکر 7 مزدور موقع پر ہلاک اور 15 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔مرنے والوں میں 4 کا تعلق مزاری قبیلے سے تھا۔واقعے کے خلاف جسقم کی جانب سے آج گڈو اور کشمور میں مکمل شٹر ڈاوٴن کی گئی۔جئے سندھ قومی محاز کے کارکنوں نے سندھ پنجاب بارڈر پر ڈیرہ موڑ کے قریب دھرنا بھی دیا۔دھرنے میں شرکت کے بعد واپس جیکب آباد آنیوالے جسقم کارکنوں پر ریلوے اسٹیشن روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد مختلف علاقوں میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔ مشتعل افراد نے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کرکے تمام بازار بند کرادئے ہیں۔