27 جون ، 2012
ٹھٹھہ…ٹھٹھہ کے ساحلی علاقے ڈانداری کے قریب دریائے سندھ میں کشتی الٹنے سے جاں بحق ہونے والے 5 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ 9 سے زائد افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا کام رات ہونے کی وجہ سے روک دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق کشتی میں 30 سے زائد افراد سوار تھے اور 4 موٹرسائیکلیں بھی رکھی گئی تھیں۔ کشتی میں سوار افراد صوفی بزرگ بابا اللہ ڈنو میندھرو کے عرس میں شرکت کے لئے جا رہے تھے۔ تیز ہواوٴں اور دریا میں طغیانی کے سبب کشتی الٹ گئی اور تمام افراد ڈوب گئے۔ پاک بحریہ کے غوطہ خوروں اور مقامی افراد نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے پندرہ افراد کو زندہ بچالیا جبکہ 5 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ 9 سے زائد افراد لاپتہ ہیں تاہم اندھیرا ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیاں کل صبح تک کے لئے روک دی گئی ہیں۔