پاکستان
12 جنوری ، 2012

ووٹرز لسٹ کی تیاری،23فروری کی مہلت نہیں بڑھائیں گے،سپریم کورٹ

ووٹرز لسٹ کی تیاری،23فروری کی مہلت نہیں بڑھائیں گے،سپریم کورٹ

اسلام آباد…سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو نئی ووٹرز لسٹیں ہرحال 23 فروری تک بنانے کا حکم دیتے ہوئے موجودہ سیکریٹری الیکشن کمیشن کی حیثیت پر بھی اعتراض کردیا ہے، عدالت کو بتایاگیاہے کہ 18ویں ترمیم کے بعد ہونے والے ضمنی انتخابات کی توثیق کیلئے آئین میں ترمیم لائی جارہی ہے ۔ چیف جسٹس افتخارچودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بنچ نے ووٹرز لسٹ کیس کی سماعت کی، کیس میں عمران خان ، بینظیربھٹو شہید اور دیگر کی درخواستیں شامل ہیں ،الیکشن کمیشن کے جائنٹ سیکریٹری نے عدالت کو بتایاکہ پہلے توقع تھی کی ووٹرلسٹوں کی تصدیق کیلئے 40 لاکھ فارم آئیں گے،لیکن ایک کروڑ سے زائد فارم آگئے، نادرا روزانہ 6 لاکھ فارمز کو پراسیس کررہا ہے،اسکا کا کہنا ہے کہ 23 فروری تک ووٹر لسٹوں کی تیاری ان کے بس میں نہیں،نادرا نے عدالت کو بتایاکہ ووٹرتصدیق کا جامع نظام مرتب کرلیاہے، عدالتی حکم کی مکمل پیروی کی کوشش کی جائے گی،لیکن ایسا ہوتا مشکل دکھائی دیتا ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ بہت ہوچکا، الیکشن کمیشن نے مقررہ وقت تک کام نہ کیا تو قانون اپنا راستہ اپنائے گا، نادرا کو ووٹرلسٹوں کے مستند ہونے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیئے، چیف جسٹس نے کہاکہ عدالتی حکم کے برخلاف سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کنٹریکٹ تقرر ہوا، اٹارنی جنرل اس معاملہ کو دیکھیں، عدالت نے حکم میں ڈیڈلائن برقرار رکھتے ہوئے کہاکہ الیکشن کمیشن آئینی طور پر پابندہے کہ انتخابی فہرستوں کو سالانہ اپ ڈیٹ کرے،آئین میں اٹھارہویں ترمیم کے بعد اور الیکشن کمیشن کی تشکیل نو سے قبل ہوجانے والی ضمانی انتخابات کے معاملے پر بھی سماعت ہوئی، الیکشن کمیشن نے بتایاکہ تشکیل نو کے بعد الیکشن کمیشن نے پہلے ہونے والے ضمنی الیکشن کو آئینی قراردیا،اس پر ججز نے تنقید کی تو اٹارنی جنرل نے بتایاکہ نامکمل الیکشن کمیشن کے ذریعے ضمنی الیکشن کی توثیق کا آئینی بل آج یا کل قومی اسمبلی میں پیش کردیا جائے گا، عدالت نے مقدمہ کی مزید سماعت 19 جنوری تک ملتوی کردی-

مزید خبریں :