28 جون ، 2012
سرگودھا… مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف لوڈشیدنگ کے خلاف عوام کو اشتعال دلاکر توڑ پھوڑ پر اُکسا تے ہیں ،مقدمات عوام کی بجائے وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف درج ہونے چاہئیں۔ سرگودھا میں سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد رانجھا کے بھائی کی وفات پر تعزیت کے موقع پر جیونیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مہنگائی ،لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرنے والو ں میں 60 فیصد حکمران ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر میرے دیئے ہوئے فارمولے پر عمل کیا جائے تو ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ق پیپلز پارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجیسمنٹ فارمولے کے تحت آنے والے عام انتخابات میں حصہ لے گی۔ انہوں نے کہا کے ملک سے مہنگائی ، دہشت گردی ، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہم سب کو مل کرکرنا ہو گا۔