01 فروری ، 2012
قاہرہ … مصر کے صحرائے سینا میں خانہ بدوشوں نے چینی کارکنوں سمیت پچیس افراد کو اغوا کرلیا ہے۔صحرائے سینا میں قبائلی ذرائع نے انکشاف کیا کہ خانہ بدوشوں کا مطالبہ ہے کہ مصری جیلوں سے سینا کے علاقے سے تعلق رکھنے والے قبائلیوں کو رہا کیا جائے، بصورت دیگر چینی یرغمالیوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔یاد رہے کہ 2004ء اور 2006ء کے درمیان سینا کے ساحلی علاقے میں واقع سیاحتی مقام تبہ میں بم دھماکے کے الزام میں صحرائے سینا کے متعدد نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ان بم دھماکوں میں اکتیس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ خانہ بدوشوں کا کہنا ہے کہ مصر کی حکمران مسلح افواج کی سپریم کونسل گذشتہ سال اقتدار سنبھالنے کے بعد سے اب تک متعدد مرتبہ زیرحراست قبائلیوں کو رہا کرنے کا وعدہ کرچکی ہے لیکن انھیں ابھی تک رہا نہیں کیا گیا ہے۔