28 جون ، 2012
اسلام آباد … روس نے اصولی طور ایران اور ترکمانستان سے گیس کے درآمدی منصوبوں میں مالی اور تکنیکی معا ونت فراہم کرنے میں دلچسپی ظاہر کر دی ہے، مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے دونوں منصوبوں میں روسی دلچسپی کا خیر مقدم کیا ہے۔وزارت پیٹرولیم کی طرف سے جاری کئے گئے اعلامیے کے مطابق مشیر پیٹرولیم سے روسی نائب وزیر توانائی وائی پی سنٹائیرون کی قیادت میں 12رکنی وفد نے ملاقات کی، روسی وفد کو ایران اور ترکمانستان سے گیس کی درآمد کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ اعلامیے کے مطابق اس موقع پر مشیر پیٹرولیم نے روسی وفد کو بتایا کہ توانائی ہماری فوری ضرورت ہے، ایران اور ترکمانستان سے گیس کی درآمد کے بڑے منصوبے ہماری ترجیح ہیں، دونوں ممالک کا فوری طور پر دونوں گیس منصوبوں پر تفصیلات کا تبادلہ کرنے پر اتفاق ہوا ہے جس میں منصوبوں سے متعلق معاملات طے کئے جائیں گے۔ اجلاس میں گیس پروم سمیت روسی گیس کمپنیوں نے بریفنگ دی اور ان کمپنیو ں کی طرف سے ایران اور ترکمانستان سے گیس کی درآمد کے منصوبوں میں ممکنہ تکنیکی معانت کا جائزہ پیش کیا گیا ۔