29 جون ، 2012
ڈھاکا . . .. بنگلہ دیش میں ہونے والی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 110 ہوگئی جبکہ مختلف مقامات پرڈھائی لاکھ افراد پھنسے ہوئے ہیں جنھیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ٹاگانگ ، سلہٹ اور دیگر شہروں میں ایک ہفتے سے جاری موسلادھار بارش ،سیلاب اورمٹی کے تودے گرنے سے مختلف حادثات میں اب تک 110افراد ہلاک اور دو سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ سو سے زائد افراد لاپتا ہیں۔ حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ڈھائی لاکھ افراد پھنسے ہوئے ہیں ، جنھیں محفوظ مقامات پرمنتقل کرنے کیلئے فوج ،پولیس اور فائر بریگیڈ کا ریسکیوآپریشن جاری ہے۔موسلادھا ر بار ش سے بعض مقامات پر ریلوے پل بھی بیٹھ گئے ہیں اور ریلوے نظام بری طرح متاثر ہوگیاہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔