29 جون ، 2012
واشنگٹن… امریکا کی سپریم کورٹ نے صدر براک اوباما کے صحتِ عامہ کے شعبے میں اصلاحات کے قانون کو آئینی قرار دے دیا ہے۔ سپریم کورٹ کے نو رکنی بینچ نے بل کی ایک بنیادی شق برقرار رکھی، جس کے تحت امریکا میں طبی انشورنس نہ خریدنے والے کو جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ فیصلے کے بعد براک اوباما نے اسے ریاست کی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ عوام کو بیمار ہونے کی صورت میں اپنے مستقبل اور زندگی کو خطرے میں نہیں ڈالنا پڑے گا۔ مارچ 2010 میں صدر اوباما کے دستخط کے ساتھ ہی اس بل کو قانونی درجہ ملنے کے بعد فلوریڈا سمیت بارہ ریاستوں نے اسے قانونی طور پر چیلنج کر دیا تھا۔ بعد میں ان کی حمایت میں مزید تیرہ ریاستیں آ گئی تھیں اور اس کے علاوہ کئی دیگر تنظیموں نے بھی بل کی مخالفت کی تھی۔