پاکستان
29 جون ، 2012

صدر کے دو عہدے، لاہور ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ جاری

صدر کے دو عہدے، لاہور ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ جاری

لاہور… لاہور ہائی کورٹ کے فل بنچ نے اٹارنی جنرل پاکستان کونوٹس جاری کیا ہے کہ وہ ستمبر میں عدالت کوآگاہ کریں کہ عدالت نے صدر کوسیاسی سرگرمیاں بند کرنیکی جومہلت دی تھی اس پر عمل درآمد کیاگیایانہیں۔ عدالت نے عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں توہین عدالت کی درخواستوں کوزیرالتواقرار دے دیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی سربراہی میں فل بنچ نے صدر مملکت کو ایوان صدر میں سیاسی سرگرمیاں بند کرنے کیلئے دی جانیوالی پانچ ستمبر کی مہلت کے بارے میں سات صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کردیا۔ فیصلے میں کہاگیاہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے فل بنچ نے بارہ مئی 2011کو صدر کے دوعہدوں کیخلاف درخواستوں میں حکم جاری کیاتھاکہ صدر مملکت اپنی سیاسی سرگرمیاں ترک کردیں لیکن بادی النظر میں صدر مملکت نے سیاسی سرگرمیاں ختم نہیں کیں۔عدالت کے اس فیصلے کیخلاف کوئی اپیل بھی دائر نہیں کی گئی جس کے بعد یہ فیصلہ حتمی فیصلہ تصور ہوگا۔عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ صدر مملکت کی یہ آئینی ذمہ داری تھی کہ وہ عدالتی فیصلے پرعمل درآمد کرتے،عدالت اب انہیں بارہ مئی کے فیصلے پر عمل درآمد کیلئے مناسب وقت دے رہی ہے اوراس سے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کیلئے صدر کی آئینی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے۔عدالت نے توہین عدالت کی درخواستوں کوزیرالتوارکھتے ہوئے آئندہ سماعت کیلئے اٹارنی جنرل پاکستان کونوٹس جاری کردئیے۔عدالت نے قراردیاتھاکہ اگراس مہلت کے دوران صدر مملکت فیصلے پر عمل درآمد نہیں کرتے توعدالت جائزہ لیگی کہ ان کیخلا ف کے کیاکارروائی کرتی ہے۔

مزید خبریں :