29 جون ، 2012
لاہور… پنجاب میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومت نے حکمت عملی تیار کر لی ،متبادل سینئر ڈاکٹر تعینات کرنے کیلئے فہرستیں تیار اور ایڈہاک ڈاکٹرز کو 3سال کا کنٹریکٹ دینے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ۔ حکومت پنجاب کے ذرائع کے مطابق یہ حکمت عملی مریضوں اور ان کے لواحقین کی ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے خلاف تحریری شکایات پر تیار کی گئی ہے۔ ینگ ڈاکٹروں کی ہڑتال جاری رہنے کی صورت میں میں متبادل سینئر ڈاکٹروں کو تعینات کیا جائے گا ،جن کی فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں ایڈہاک ڈاکٹروں کو 3سال کا کنٹریکٹ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر ٹیچنگ اسپتالوں میں روزانہ کی بنیاد پر واک ان انٹرویو اور فوری نوکری دینے کا انتظام بھی کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہڑتال میں حصہ نہ لینے والے ینگ ڈاکٹروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔