04 فروری ، 2017
وینزویلا کے سابق صدر ہو گو شاویز کے زندگی پر ڈرامہ سیریل تیارکر لی گئی ہے جو عنقریب نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔
سونی پکچرز ٹیلی ویژن کی پروڈکشن " الکمانڈنٹ" نامی ڈرامہ سیریل کی شوٹنگ بوگوٹا اسٹوڈیو میں کی گئی۔ ڈرامہ سیریل ہسپانوی زبان میں ہے اور رواں ہفتے میں ڈرامے کی نمائش لاطینی امریکا میں کی جائے گی اور موسم بہار میں اسے امریکا کے 'ٹیلی مونڈو 'ٹیلی ویژن چینل سے نشر کیا جائے گا۔
ایک غریب کنبے کے بچے شاویز کے بلندیوں کے سفر کے موضوع پر مبنی 60 قسطوں پر مشتمل اس ڈرامہ سیریل میں دکھایا گیا ہے کہ بائیں بازو کے حامی اس لیڈر کی حاکمانہ پالیسی نے ملک کے موجودہ اقتصادی مسائل کے لئے کیسے راہ ہموار کی۔
ہوگو شاویز کے 1999 میں بر سر اقتدار آنے کے بعد وینزویلا اور امریکا کے درمیان سفارتی کشیدگی میں مستقل اضافہ ہوتا چلا گیا۔ دونوں ممالک نے سال 2010 میں دو طرفہ شکل میں اپنے اپنے سفیروں کو ملک واپس بلا لیا۔