18 جون ، 2025
پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تہران خالی کرنے کے بیان پر انہیں جواب دیدیا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری نے کہا کہ 1979 سے اب تک امریکی صدور نے ایسی ہی باتیں کی ہیں لیکن ہم یہیں موجود ہیں اور ایسا کبھی نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تہران میں ہونے والے حملوں کو عوام سنجیدہ نہیں لیتے۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ٹی وی اسٹوڈیو پر حملے کے باوجود خاتون صحافی نے اسٹوڈیو نہیں چھوڑا اس کے برعکس اپنا کام جاری رکھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں ایرانی شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہر شخص تہران خالی کر دے۔
امریکی صدر کے مطابق انہوں نے ایران سے کہا تھا کہ نیوکلیئر ڈیل پر دستخط کردے، اسے ایسا کرنا چاہیے تھا، انہوں نے بارہا کہا تھا مگر ایسا نہیں کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسانی جانوں کا ضیاع شرم کی بات ہے،ایران کسی صورت نیوکلیئر ہتھیار حاصل نہیں کرسکتا۔