کاروبار
08 فروری ، 2017

وزیر خزانہ کی پی بی اے کے وفد سے ملاقات

وزیر خزانہ کی پی بی اے کے وفد سے ملاقات

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، وفد نے وزیر خزانہ کو ٹی وی چینلز کو ٹیکس کے حوالے درپیش مشکلات سے آگاہ کیا، ملاقات میں ٹی وی چینلز کے واجبات کی ادائیگی کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا ہے۔

اس موقع پر مختلف مرحلوں پر درپیش مشکلات کو دور کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے اس موقع پر کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے۔ حکومت میڈیا کو سہولیات فراہم کرنے کےلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، میڈیا کا قومی ہم آہنگی کے فروغ اور جمہوری اقدار کی مضبوطی میں اہم کردار ہے۔

حکومت میڈیا کی ترقی کو بہت زیادہ اہمیت دیتی ہے جو کہ حکومت اور عوام کے مابین پل کا کردار اد ا کرتا ہے انہوں نے وفد کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کو نوٹ کیا اور کہا کہ متعلقہ قواعد و ضوابط کی روشنی میں ایف بی آر ان معاملات پر تفصیلی غور کرے گا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان براڈ کاسٹر ایسوسی ایشن کے وفد سے کہا کہ ان کے تمام جائز معاملات کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائیگی۔

وفد کے ارکان نے وزیر خزانہ کا مصروف ترین شیڈول میں سے وقت نکالنے اور ٹیکس سے متعلق معاملات کو زیر غور لانے پر شکریہ ادا کیا، اس موقع پر سیکرٹری خزانہ طارق باجوہ، وزیر خزانہ کے خصوصی معاون طارق پاشا اور ایف بی آر کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

 

 

مزید خبریں :