11 فروری ، 2017
عراقی دار الحکومت بغداد میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں شدت اختیار کر گئیں، جھڑپوں کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 5 افراد ہلاک اور 320 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق گرین زون میں ہونے والی جھڑپوں میں زخمی ہونے والے 320 افراد میں سے 79 کو گولیاں لگی ہیں، جبکہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
الصدر کے حامی الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کے لیے مظاہرہ کررہے تھےکہ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسوگیس کی شیلنگ کی اور ربڑ کی گولیاں چلائیں۔
اس دوران پولیس نے کئی گرفتار مظاہرین کے قبضے سے ہتھیار برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
انتظامیہ نے گرین زون سے ملانے والی تمام شاہراہیں اور فلائی اوورز بند کردیے ہیں،مذہبی رہنما مقتدیٰ الصدر کی اپیل پر گرین زون میں جمع ہونے والے مظاہرین الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کا مطالبہ کررہے تھے۔