12 فروری ، 2017
عراق کے وزیراعظم العبادی نےکہا ہے کہ ان کا ملک کسی علاقائی یا عالمی تنازع کا حصہ بن کراپنے اور خطے کے لیے مسائل پیدا نہیں کرے گا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا تاہم عراق کسی عالمی یا علاقائی تنازع میں نہیں الجھے گا۔
وزیراعظم العبادی کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے رابطے کے بعد عراق کی ایک عسکری تنظیم یمن کے ساحلوں میں موجود امریکی بحری جنگی جہازوں کو حملوں کانشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔
عسکری ملیشیا کے رہنما اوس الخفاجی نے ایک دھمکی آمیز بیان میں کہا کہ اب امریکی جنگی جہازوں کی خیر نہیں۔عراقی ملیشیا کی دھمکی وزیراعظم العبادی کے لیے بھی شرمندگی کا باعث ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ چندروز قبل وزیراعظم حیدرالعبادی نے امریکی صدر سے ٹیلیفون پربات کرتے ہوئے ایرانی دباؤ میں نہ آنے کا عندیہ دیا تھا جب کہ کچھ ہی دیر بعد ملیشیا کی طرف سے یہ پیغام دیا گیا کہ عراق ایرانی مطالبات کو نظرانداز نہیں کرسکتا۔