30 جون ، 2012
کولمبو … سری لنکا کے خلاف کولمبو ٹیسٹ میں محمد حفیظ اور اظہر علی نے رنز کے انبار لگادیئے ، پاکستان نے پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 334رنز بنالیے، محمد حفیظ 172رنز بناکر کریز پر موجود ہیں، انہیں کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری اسکور کرنے کیلئے صرف 28 رنز درکار ہیں۔ دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کو محمد حفیظ اور توفیق عمر نے پراعتماد آغاز فراہم کیا، توفیق عمر نے کیریئر کی 14ویں نصف سنچری اسکور کی اور 65رنز بناکر انجیلو میتھیوز کا شکار ہوگئے۔ کھانے کے وقفے کے بعد محمد حفیظ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیسٹ کیریئر کی پانچویں سنچری اسکور کی،رنز کی بہتی گنگا سے اظہر علی نے بھی فائدہ اٹھایا اور نصف سنچری اسکور کرڈالی، پہلے دن جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے ایک وکٹ پر 334 رنز بنالیے تھے۔ اوپنر محمد حفیظ 172 اور اظہر علی 92 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔