01 جولائی ، 2012
اسلام آباد ... پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد مختلف شہروں کے متعدد پیٹرول پمپوں پر نئے ریٹس پر پیٹرول نہیں مل رہا۔جبکہ کئی پمپ بند کر دیئے گئے ہیں۔مشیر پیٹرولیم کا کہنا ہے کہ مصنوعی بحران پیدا کرنے والے پمپس کا لائسنس کینسل کیا جائے۔ او گرا کی جانب سے گیس اور سی این جی کی قیمتوں میں کمی کے بعد شہریوں کی جانب سے پیٹرول پمپ بند ہونے یا پرانے ریٹس پر پیٹرول اور سی این جی فروخت کی شکایت مل رہی ہیں۔دوسری طرف جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم نے بتایا کہ انہوں نے اوگرا کو ہدایت کی ہے کہ پیٹرول پمپ بند ہونیکی مکمل انکوائری کے بعد مصنوعی بحران پیدا کرنے والے پمپس کا لائسنس کینسل کیا جائے۔مشیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ صدر زرداری کی ہدایت تھی کہ ایسا سسٹم بنایاجائے کہ عوام کوسہولت ملے، اس لئے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچایا،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ہفتہ وار بنیاد پرکیا جائے گا۔