01 فروری ، 2012
اسلام آباد … وفاقی کابینہ نے صوبوں کے ساتھ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سمیت دیگر متنازع امور طے کرنے کے لئے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 9 فروری کو طلب کرلیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب آئینی کردار کی بجائے، سیاسی اداکار کا کردار ادا کررہے ہیں۔ وہ وفاقی حکومت پر الزامات کی بجائے اپنا احتساب کریں۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آبادمیں وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کی صدارت میں ہوا، جس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا کو بریفننگ میں بتایاکہ پیٹرولیم قیمتوں پر 6 ماہ میں 120 ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف تھا تاہم صرف 20 ارب روپے حاصل ہوئے۔ وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم قیمتیں بڑھنے پر تشویش ظاہر کی، جس پروزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ ایسا کرنا مجبوری تھی۔ وزیراعظم نے وزارت داخلہ کو مدارس ویلفیئر اتھارٹی قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غیرملکی طلبہ کی رجسٹریشن کی جائے اور مدارس کایکساں نصاب بنایا جائے۔ فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیراعظم نے 35 لاکھ افغان مہاجرین کی فوری واپسی کی ہدایات دی ہیں۔ وفاقی کابینہ نے انسداد دہشت گردی اتھارٹی کے قیام کی کمیٹی سے سفارشات طلب کرلی ہیں۔ اجلاس میں ٹریکٹروں پر ٹیکس رعایت کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر زیرگردش قرض میں کمی کیلئے وزارت خزانہ نے 160 ارب کی ساورن گارنٹی جاری کردی ہے۔ کابینہ نے چارٹرڈ اکاوٴنٹنٹس کے بل میں 3 ترامیم کی منظوری بھی دی۔