04 جولائی ، 2012
اسلام آباد…سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاوٴسنگ کو بتایا گیا ہے کہ وزارت میں گزشتہ پانچ سال کے دوران 4 ہزار 3 سو 80 اور ایک سال میں 11 سو 92 خلاف ضابطہ الاٹمنٹس کی گئیں۔کمیٹی چیئرمین شاہی سید کا کہنا ہے کہ یہ سب تو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بن سکتا ہے۔ سینیٹ کمیٹی کا اجلاس شاہی سید کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوٴس اسلام آباد میں ہوا،اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پرویز مشرف دور میں 133 ججز،212صحافیوں اور5 ہزار 7 سو 20 بیوروکریٹس کو پلاٹ الاٹ کیے گئے ، کمیٹی نے ان الاٹمنٹس کا تفصیلی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔کمیٹی نے گزشتہ پانچ سال کے دوران وزارت میں کوٹہ پر کی جانے والی تعیناتیوں، کراچی میں 7 سو 80 گھروں سمیت دیگر الاٹمنٹس اور کارکردگی سے متعلق تفصیلات طلب کر لیں۔وفاقی وزیر ہاوسنگ طالب نکئی کا کہنا تھا کہ کمیٹی کی تمام سفارشات پر عمل کیا جائے گا۔