05 جولائی ، 2012
پشاور…عوامی نیشنل پارٹی کے قائمقام صدر سینیٹر حاجی محمدعدیل نے کہاہے کہ ریاست کے بڑے عہدوں کے لئے دوہری شہریت پرپاپندی ہونی چاہیے۔ہم نے اس مسئلے پرحکومت کو اپناموٴقف پیش کردیاہے۔ سینیٹر حاجی محمد عدیل نے پشاورپریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں کہاکہ صدر،وزیراعظم ،گورنر،وزرائے اعلیٰ ،ہائیکورٹ اورسپریم کورٹ کے ججوں اورسیکورٹی فورسزکے سربراہوں کے لئے دوہری شہریت پرپابندی ہونی چاہیے۔ تاہم بیس گریڈ سے کم افسران پرپابندی کی ضرورت نہیں۔اس سلسلہ میں اپنے موٴقف سے وزیراعظم کو آگاہ کردیاہے ۔ان کا کہناتھا کہ توہین عدالت کی صورت میں اپیل کا حق ہوناچاہیے۔ حاجی عدیل نے کہا کہ حکومت اورپارلیمنٹ بحران اورسیاست غیریقینی صورتحال سے دوچارہے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کے احترام میں عدالتوں کے غلط فیصلوں کو بھی تسلیم کیا۔ جن میں آمروں کو مسلط کرنے والے ،بھٹوپھانسی ، اے این پی کے عدالتی قتل اورایل ایف اوکے تحت ججوں کے حلف اٹھانے کے ناپسندیدہ فیصلے بھی شامل ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ نیٹوسپلائی بحالی کا فیصلہ باوقارطریقے سے کیاگیاہے کیونکہ ہم پوری دنیاسے نہیں لڑ سکتے۔