05 جولائی ، 2012
اسلام آباد…چیئرمین نیب ایڈمرل (ر) سید فصیح بخاری نے کہا ہے کہ کرپشن اب داخلی مسئلہ نہیں رہا بلکہ یہ بین الاقوامی منظم جرم بن گیا ہے۔اس لعنت سے نمٹنے کیلئے دنیا بھر کے معاشروں اور حکومتوں کو زیادہ چوکس اور فعال ہوناہوگا۔چیئرمین نیب ایڈمرل (ر) سید فصیح بخاری کااسلام آباد میں 17ویں دو روزہ ڈائریکٹرز جنرل نیب کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اچھی طرز حکمرانی اور اقتصادی و سماجی ترقی کا خواب شفافیت کے اصولوں پر عمل درآمد اور احتساب کے بغیر شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔موجودہ جمہوری سیٹ اپ کرپشن کے خلاف موثر اقدامات کے لئے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو ،بدعنوانی کے خلاف اعلی عدلیہ، پبلک اکاونٹس کمیٹی اور وفاقی محتسب سمیت بدعنوانی کے خلاف کام کرنے والے مختلف اداروں کی مدد کررہا ہے۔چیئر مین نیب نے کہا کہ نیب کی جانب سے افرادی قوت کی کمی کے باوجود گزشتہ سات ماہ کے دوران کرپشن کے خلاف نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔کانفرنس میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور راولپنڈی کے ڈائریکٹرز جنرلز نے شرکت کی۔اور اپنے ادارے کی کارکردگی سے متعلق شرکا کو آگاہ کیا۔