26 اپریل ، 2017
پاکستان نے بھارت کو کل بھوش جادیو تک قونصلر رسائی دینے سے انکار کردیا ہے۔
سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے بھارتی ہائی کمشنر کو کل بھوش جادیو تک قونصلررسائی مانگنے پر دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ کل بھوشن ’را‘ ' کیلئے کام کررہا تھا، رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، جاسوسی، دہشت گردی اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کا اعتراف بھی کیا، بھارت سے معاہدہ جاسوسوں کے لیے نہیں عام قیدیوں کے لیے ہے۔
بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبا والا نے سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کرکے کل بھوشن جادیو تک قونصلر رسائی کامطالبہ کیا۔
سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے واضح کر دیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں تک قونصلر رسائی کا معاہدہ موجود ہے لیکن جاسوسوں تک رسائی کانہیں، معاہدے کی رو سے قونصلررسائی دینے کا فیصلہ کیس کی نوعیت پر ہے۔
سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ بھارت نے کل بھوشن کے معاملے ميں قانونی معاونت کی درخواست کا مثبت جواب نہیں دیا،کلبھوشن نیٹ ورک کے بھارت میں موجود لوگوں تک بھی رسائی نہیں دی گئی، کلبھوشن ’را‘ 'کيلئے کام کررہا تھا، رنگے ہاتھوں پکڑا گيا ،اس نے جاسوسی، دہشت گردی اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کا اعتراف بھی کیا ۔