28 اپریل ، 2017
سرکاری حج اسکیم کے تحت 87ہزار 419 خوش نصیب عازمین حج قرعہ اندازی سے منتخب ہو گئے۔
وفاقی وزیر سردار یوسف کہتے ہیں کہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز 10 فیصد مزید کوٹہ لینے سندھ ہائیکورٹ گئے ہیں، ان کا حکم امتناع ختم کرا نے کا کیس بھر پور طریقے سے لڑیں گے۔
حج 2017ء سرکاری حج ا سکیم کے لیے پاکستانی عازمین کا انتخاب کرنے کے لیے قرعہ اندازی ہوئی ،3 لاکھ 38 ہزار سے زائد درخواست گزار وں میں سے 87 ہزار419خوش نصیبوں کا نام نکل آیا،پہلی بار394 بزرگ عازمین کو قرعہ اندازی سے مستثنیٰ بھی قراردیا گیا،اس سال 1 لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔
قرعہ اندازی میں کامیاب 17 ہزار 564 عازمین کو سندھ ہائیکورٹ سے پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کو ملنے والا حکم امتناع ختم ہونےکے بعد سرکاری اسکیم کے تحت سستے حج کی خوشخبری سنائی جا سکے گی۔
قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے عازمین حج کو اپنے پاسپورٹ 10 مئی تک جمع کرانا ہوں گے، باقی درخواست گزار اپنے پیسے متعلقہ بینکوں سے منگل سے واپس لے سکیں گے۔
حج آپریشن 27 جولائی سے شروع ہوگا، جو 6 اکتوبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔