پاکستان
09 مئی ، 2017

پی آئی اے کے باکمال پائلٹ کا ایک اور لاجواب کارنامہ

پی آئی اے کے باکمال پائلٹ کا ایک اور لاجواب کارنامہ

پی آئی اے کے باکمال پائلٹ کا ایک اور لاجواب کارنامہ سامنے آیا ہے ، غیر ملکی خاتون مسافر کو کاک پٹ میں بلایااور دو گھنٹے تک بٹھا کر پرواز کا نظارہ کرایا ،دوستی کی پینگیں بڑھائیں ،لینڈنگ کے وقت بھی کاک پٹ میں مسافر خاتون موجود رہیں۔

ترجمان پی آئی اے کا اس واقعے کے حوالے سے کہنا ہے کہ متعلقہ جہاز کےعملے سے رابطے کی کوشش کررہے ہیں ، ایک مسافر کو کاک پٹ تک لے جانے سے سیکیورٹی پر حرف نہیں آتا۔

جیو نیوز کے نمائندے عرفان صدیقی جو اس پرواز میں خود بھی سفر کر رہے تھے کے مطابق واقعہ گذشتہ روز ٹوکیو سے بیجنگ جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے853 میں پیش آیا، جب پائلٹ کام چھوڑ کر دوستی میں مگن ہوگیا اور مسافروں کی سیکورٹی خطرے میں ڈال کرچینی خاتون کو کاک پٹ میں مہمان بنائے رکھا ۔

چینی خاتون جو کاک پٹ میںجانے کی مجاز نہیں تھیں 2گھنٹے سے زیادہ کاک پٹ میں موجود رہیں اور اس دوران ایک وقت ایسابھی آیا جب غیر ملکی خاتون اور پائلٹ ہی کاک پٹ میں موجود رہےاور اس وقت تک باہر نہ آئے جب تک جہاز نے لینڈنگ نہیں کر لی۔

جیو نیوز کے نمائندے عرفان صدیقی جو اس ساری صورت حال پرحیران و پریشان تھے انہوں نےچینی خاتون سے سوال بھی کیا کہ کیا آپ پائلٹ کی دوست ہیں یا ان سے کوئی رشتہ داری ہے تاہم خاتون نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں اور کسی قسم کے تبصرے سے گریز کیا،عرفان صدیقی نے اس تمام صورت حال کی اپنے موبائل فون سے اس تمام واقعے کی ویڈیوبھی ریکارڈ کی۔

پرواز اور اس کے مسافروں کی حفاظت کے لئے باقاعدہ قانون موجود ہے جس کے تحت غیر مجاز کوئی شخص کسی بھی وقت کاک پٹ میں دوران پرواز داخل نہیں ہوسکتا، یہ ذمہ داری پائلٹ اور دیگر عملے کی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی غیر مجاز شخص کو کاک پٹ میں داخلے کی اجازت نہ دیں ۔

واضح رہے کہ پی آئی اے پائلٹ کی جانب سے جہاز، اس کے عملے اور مسافروں کی جان کو خطرے میں پہلی مرتبہ نہیں ڈالا گیا،اس نوعیت کے واقعات ماضی میں بھی ہو چکے ہیں جبکہ چند دن پہلے بھی پی آئی اے کے سینئر پائلٹ عامر ہاشمی جونہی اسلام آباد سے لندن کی پرواز PK-785 روانہ ہوئے تو کچھ دیر بعد وہ لمبی تان کر سوگئے اور طیارے کو جونیئر پائلٹ کے حوالے کردیا جو پی آئی اے کی تاریخ کا انوکھا واقعہ ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی کے مطابق مذکورہ پائلٹ کیخلاف تحقیقات جاری ہیں۔

اس کے علاوہ بھی دسمبر 2015 میں بھی پی آئی اے کے ایک پائلٹ لندن سے لاہور کی پرواز میں سفر کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کاک پٹ میں بیٹھنے اجازت دی تھی جس کی انکوائری کا پائلٹ کو سامنا کرنا پرا تھا ۔

مزید خبریں :