13 جنوری ، 2012
اسلام آباد…آزاد کشمیر سمیت ملک کے شمالی اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ رک جانے کے بعد موسم میں ایک بار پھر خشکی بڑھنے لگی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں شمال مشرقی بلوچستان کے پہاڑوں پر بارش کے ساتھ ہلکی برف باری کا امکان ہے،جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت سکھر ڈویڑن میں شدید دھند کا بھی امکان ہے،ادھر گلگت بلتستان مالاکنڈ ڈویڑن اور آزادکشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری کو بند ہوئے پانچ روز گزرچکے ہیں تاہم سردی کی شدت برقرار ہے،جمعرات کے روز کالام ملک کا سرد ترین علاقہ رہا،جہاں تیسرے روز بھی درجہ حرارت منفی 15 رہا،اسی طرح اسکردو میں منفی 13 پاراچنار، استور اور ہنزہ میں منفی 11، زیارت میں منفی 8، گلگت اور قلات میں منفی 7 جبکہ چترال ، کوئٹہ اور مری میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5 ریکارڈ کیا گیا۔