22 مئی ، 2017
قومی اسمبلی میں اپوزیشن رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ حکومت صرف دکھاوے کے منصوبے بنا رہی ہے، سی پیک میں مقامی صنعت کاروں کا بھی برابر کی سطح پر نہ رکھا گیا تو بڑا مسئلہ کھڑا ہو گا۔
اپوزیشن رہنما نے وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت میں خطاب کے دوران حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے 20 ارب ڈالر کے زمبادلہ زخائر میں آئی ایم ایف سے لیا گیا قرض، مہنگے بانڈ بیچ کر رقم کا حصول اور سعودی عرب سے لیے گئے ڈیڑھ ارب ڈالر کی ر قم شامل ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ ہمارے دور میں ایکسپورٹ 26 ارب جبکہ اب 19 ارب ڈالر ہے، سستی ایل این جی ڈیل ابھی منصوبہ بندی کے مرحلے میں تھی کہ ایک ادارے کی جانب سے روک دی گئی۔
اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو چلنا چاہیے لیکن ایک دو افراد کے ہٹنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں شخصیتوں کے بارے میں ضد نہیں کی ورنہ ’’میرے عزیز ہم وطنو‘‘ ہو تا۔