08 جولائی ، 2012
پشاور…عوامی نیشنل پارٹی کے قائم مقام صدر حاجی محمد عدیل نے کہا ہے کہ پاٹا کے لئے قانون سازی کا اختیار صدر(وفاق) سے لیکر خیبر پختون خوااسمبلی کو دینے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ دوہری شہریت کے بل پر حکومت کو دو تجاویز دی گئی ہیں۔پشاور میں جیونیوز سے گفتگو میں حاجی محمد عدیل نے کہا کہ پاٹا سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندے خیبر پختون خوا اسمبلی میں بیٹھتے ہیں لہٰذا اے این پی نے وفاق سے پاٹا کے لئے قانون سازی کا اختیار خیبر پختونخوا اسمبلی کو دینے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دوہری شہریت کے حوالے سے وفاق کو دو تجاویز دی گئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک مقیم دوہری شہریت رکھنے والے پاکستانی اگر اگر لیکشن جیت لیتے ہیں تو دوسری شہریت سے دستبردار ہوجائیں اور صدر، وزیر اعظم، گورنر، وزرائے اعلیٰ اور اعلیٰ عہدوں پر فائز افسران کو سو فیصد پاکستانی ہونا چاہئے۔ان کا کہنا تھا کہ دوہری شہریت پر قانون سازی کے لئے حکومت کے پاس دو تہائی اکثریت نہیں، معاملہ کمیٹیوں میں ہی رہے گا۔حاجی عدیل نے کہا کہ توہین عدالت کے بل میں سزا پر عملدرآمد کو سپریم کورٹ کے فیصلے سے مشروط کردیا گیا ہے۔