30 مئی ، 2017
تحریک انصاف ایک بار پھر پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں پیش کرنے میں ناکام رہی۔
تحریک انصاف کے وکیل کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے حکم کو ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے، اس معاملے کی سماعت ملتوی کی جائے۔
اس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ جب حکم امتناع جاری نہیں ہوا تو سماعت کیسے ملتوی کر دیں۔
الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے کی، پی ٹی آئی نےآج بھی بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات پیش نہ کیں۔
وکیل پی ٹی آئی ثقلین حیدر نے بتایا،الیکشن کمیشن کے حکم کو ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ کیا ہائی کورٹ نے کوئی حکم امتناع جاری کیا ہے،اگر کوئی حکم امتناع جاری نہیں ہوا تو سماعت کیسے ملتوی کردیں، آپ کو جواب جمع کرانے کا آخری موقع دیا گیا تھا۔
وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ سپریم کورٹ اسی نوعیت کی درخواست پرروزانہ کی بنیاد پر سماعت کر رہی ہے، انورمنصورکل بھی سپریم کورٹ میں مصروف ہوں گے، سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کی جائے، الیکشن کمیشن نےسماعت ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی ۔
الیکشن کمیشن نے گزشتہ سماعت پر تحریک انصاف کو پارٹی اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کرنے کا آخری موقع دیا تھا ، کیس پر مزید سماعت اب بدھ کو ہو گی۔