پاکستان
08 جولائی ، 2012

ساحلی پٹی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان

ساحلی پٹی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان

اسلام آباد … خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، بارشوں کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، بالائی اور وسطی پنجاب، کشمیر، زیریں سندھ کے ساحلی علاقوں، شمالی و جنوبی بلوچستان، مکران ڈویژن اور گلگت بلتستان کے چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ سرگودھا میں شدید گرمی اور حبس کے بعد مون سون کی پہلی بارش ہوتے ہی گرمی کا زور ٹوٹ گیا، گرج چمک اور تیز ہواوٴں کے ساتھ موسلادھار بارش کو شہریوں نے بھی خوب انجوائے کیا، گرمی کے ستائے شہری ابر رحمت برسنے پر جھوم اٹھے، پکوڑوں اور سموسوں کی دکانوں پر لوگوں کا رش دکھائی دیا، تاہم گلی محلوں میں پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ ملتان میں تیز ہواوٴں کیساتھ ہونے والی بارش نے درجہ حرارت میں واضح کمی کردی اور ملتان شہر کا درجہ حرارت 45 سے کم ہو کر 36 ڈگری سینٹی گریڈ ہوگیا۔ فیصل آباد میں بھی مون سون کی بارش کے بعد موسم قدرے بہتر ہوگیا ہے۔ چیچہ وطنی، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، بھکر اور میاں والی سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیاہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں 45 منٹ تک برسنے والی رم جھم نے شہر کو جل تھل کردیا، گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈی آئی خان میں سب سے زیادہ 76 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ نوشہرہ میں گزشتہ رات سے شروع ہونے والی مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے شام تک جاری رہا۔ جنوبی اور شمالی وزیرستان کے پہاڑوں پر بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشیں ہوئیں۔ وادی کوئٹہ اور گرد وونواح میں گرد آلو ہوائیں چلنے سے موسم قدرے بہتر ہوگیا، جس کے بعد وادی میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا، قلعہ ہر نائی اور موسیٰ خیل میں مون سون کی پہلی بارش ہوئی۔ آج سب سے زیادہ گرمی دادو اور دالبندین میں پڑی ، جہاں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، بالائی اور وسطی پنجاب، کشمیر، زیریں سندھ کے ساحلی علاقوں شمالی و جنوبی بلوچستان، مکران ڈویژن اور گلگت بلتستان کے چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

مزید خبریں :