پاکستان
03 جون ، 2017

پنجاب حکومت لینڈ مافیا بن گئی ہے، پرویز الٰہی

پنجاب حکومت لینڈ مافیا بن گئی ہے، پرویز الٰہی

مسلم لیگ ق کےرہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت لینڈ مافیا بن گئی ہے، حکومت کے ہر منصوبے میں کرپشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگلہ بس سروس کا ثبوت موجود ہے، جس میں کئی فراڈ نکلے ہیں، آڈیٹر جنرل نے 100 ارب روپے کے فراڈ کا انکشاف کیا ہے۔

چوہدری پرویز الٰہی نے اپنی رہائشگاہ پر پنجاب حکومت کےخلاف وائٹ پیپر جاری کیا۔

میڈیا سےگفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ جنگلہ بس سروس میں کئی فراڈ نکلے ہیں، ایسکیلیٹرز یورپین کی بجائے چینی ساختہ لگائے گئے، سالانہ سبسڈی کی مد میں 2ارب 54 کروڑ روپے کا نقصان ہورہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شریف برادران مال بنانے میں بہت ماہر ہیں، پنجاب حکومت میں ہر چیز پستی کی طرف جا رہی ہے، دانش اسکول کی افتتاحی تقریب 3 بار منسوخ کی گئی، دانش اسکول اسکیم میں 4ارب 88 کروڑ روپے کا ٹیکہ لگایا گیا ہے۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ صاف پانی منصوبہ گراؤنڈ پر آنے سے قبل گھپلوں کی نذر ہو گیا، راولپنڈی اور اسلام آباد کیلئے ہم نے ایک ارب روپے کا پانی کا منصوبہ بنایا تھا، جو موجودہ حکومت کےدور میں اب 17 ارب روپے کا ہوگیا ہے۔

مزید خبریں :