دنیا
05 جون ، 2017

غیر ملکی، اہل و عیال کومنظوری کے بغیر نہیں بلاسکتے، سعودی عرب

غیر ملکی، اہل و عیال کومنظوری کے بغیر نہیں بلاسکتے، سعودی عرب

سعودی عرب کے محکمہ پاسپورٹ نے خبردار کیا ہے کہ آجر کی منظوری کے بغیر غیر ملکی کارکن اہل و عیال کو اقامہ ویزے پر بلانے کے مجاز نہیں۔

محکمہ پاسپورٹ کے ترجمان طلال الشلہوب نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر گشت کرنے والی ان خبروں کی کوئی حقیقت نہیں جن میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سعودی حکومت نے غیر ملکی کارکنان کو پیشے میں تبدیلی، نقل کفالہ اور اہلیہ کو آجر کی منظوری کے بغیر مملکت بلانے کی اجازت دے دی ہے۔

الشلہوب نے کہاکہ جوازات کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں اور کسی بھی قسم کے ویزے کے اجراء کیلئے محکمہ پاسپورٹ کی منظوری شرط نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نقل کفالہ ، گھریلو عملے کے پیشے میں تبدیلی، وزارت محنت و سماجی فروغ کے دائرہ اختیار میں آتی ہےجبکہ شرائط پوری کرنے والے کو آن لائن منظوری مل جاتی ہے۔

دوسری جانب وزارت محنت کے ترجمان خالد ابا الخیل نے بتایا کہ جو 6لاکھ سعودی ’مساند‘ پروگرام میں اندراج کرائے ہوئے ہیں ،وہ وزارت کے دفاتر سے رجوع کیے بغیر ویزے کی کارروائی کراسکتے ہیں۔

وہ وزارت کے دفاتر میں حاضری دیئے بغیر گھریلو عملہ یا ڈرائیور بنگلہ دیش، ہندوستان ، پاکستان، فلپائن،ویتنام، سری لنکا اور کمبوڈیا سے درآمد کرسکتے ہیں۔

مزید خبریں :