پاکستان
06 جون ، 2017

قطر: پاکستانی زائرین کیلئے عمان ایئر کی خدمات حاصل

قطر: پاکستانی زائرین کیلئے عمان ایئر کی خدمات حاصل

قطر ایئر لائن نے دوحا قطرایئر پورٹ پر پھنسے پاکستانی عمرہ زائرین کو سعودی عرب پہنچانے کے لئے عمان ایئر لائن کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔

قطر اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے درمیان پروازیں معطل ہونے سے دوحا ایئر پورٹ پر پھنسنے والے سیکڑوں پاکستانی مسافر جن میں عمرہ زائرین بھی شامل ہیں عمان ایئر لائن اب انہیں منزل مقصود تک پہنچائے گی ۔

قطری وزیرخارجہ کاکہنا ہے کہ مذاکرات کیلئے تیار ہیں،پڑوسی ملکوں کے اقدامات پرجوابی کارروائی کا ارادہ نہیں رکھتے ،دوسری جانب امیرکویت نے فریقین میں مصالحت کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔

سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک نے قطر پر دہشت گردی کو بڑھاوا دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا ۔

سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات، مصر، یمن، لیبیا اور مالدیپ کی جانب سے قطر سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کے بعد جہاں سیاسی بحران پیدا ہوا ہے وہیں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافر بھی شدید پرشان ہیں جن میں بڑی تعداد پاکستانیوں کی بھی شامل ہے۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنیوں نے دوحہ کے لیے تمام پروازیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ بحرین اور مصر نے بھی قطر ایئرویز کے لیے اپنے ہوائی اڈے بند کردیئے ہیں۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے پاکستانی مسافروں نے بتایا کے قریباً 500 پاکستانی مسافر دوحہ ایئرپورٹ پر گزشتہ 2 روز سے پھنسے ہوئے ہیں۔

 

مزید خبریں :