11 جون ، 2017
محکمہ موسمیات نے جون کے مہینے میں ملک کے جنوبی حصوں میں شدید گرمی جبکہ شمالی اور بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور ژالہ باری کے 3 سے 4 سلسلوں کی توقع ظاہر کی ہے۔
جون کے مہینہ میں ملک کے جنوبی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے اور گرم موسم کے باعث درجہ حرارت بھی معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان بہاولپور سکھر سمیت پنجاب کے وسطی، جنوبی اور سندھ کے بالائی علاقوں میں موسم زیادہ تر گرم و خشک رہے گا۔
جون میں ملک کے شمالی و بالائی علاقوں میں بارشوں کے 3 سے 4 سلسلے موسم کو ملا جلا رکھیں گے۔
اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے 3 سے 4 سلسلے متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آج دن کے وقت ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم آج شام اور رات کے وقت اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی سمیت بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں بارش اور آندھی آنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔