02 فروری ، 2012
اسلام آباد… سپریم کورٹ نے این آر او عمل درآمد کیس میں 10 جنوری کو ایک اہم آرڈر جاری کیا تھا ،اس میں صدر اور وزیراعظم پر آئین سے انحراف کے ممکنہ الزام کا حوالہ دیتے ہوئے 6 آپشنز بھی دیئے گئے تھے۔ ان میں سے آپشن نمبر دو کو بالاآخر عدالت نے اختیار کرلیا ہے۔ عدالت نے جو آپشن دیئے ان کے مطابق 1: حلف کی وفاداری اور عدالتی احکامات کی پیروی نہ کرنے پر صدر، وزیراعظم اور وفاقی وزیرقانون کے خلاف آئینی خلاف ورزی کا مرتکب ہونے کی کارروائی کی جائے، 2: وزیراعظم، وفاقی وزیرقانون، سیکریٹری قانون کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، عدالتی حکم پر عمل کرانے کیلئے آرٹیکل 187 کے تحت عدالتی کمیشن قائم کردیا جائے، 4: صدر کیلئے کسی نے آرٹیکل 248 کے تحت استثنیٰ نہیں مانگا ، کوئی ان آپشنز سے متاثر ہوتا ہے تو عدالت اسے سننے کیلئے موقع دے رہی ہے، 5: چیئرمین نیب کو نیب آرڈیننس کے تحت ہٹانے کی کارروائی کی جائے، اور 6: عدالت تحمل کا مظاہرہ کرے اور آئینی دیباچہ کے مطابق عوام کو فیصلہ کرنے دیاجائے۔ عدالت نے ان آپشنز کے بعد اگلی سماعت میں وزیراعظم کو توہین عدالت کا نوٹس بھی جاری کردیاتھا۔ عدالت یہ واضح بھی کرچکی ہے کہ یہ آپشن کسی اور کو انتخاب کیلئے نہیں دئے گئے بلکہ یہ عدالت کے پاس اختیار کرنے کیلئے ہیں۔