02 فروری ، 2012
لاہور… وزیر اعلیٰ پنجاب نے پنجاب کابینہ کے وزراء اور مشیروں کو بعض محکموں کے اضافی چارج دے دیئے،تاہم محکمہ صحت کا قلمدان وزیر اعلیٰ پنجاب کے پاس ہی رہے گا۔ پنجاب حکومت کے ترجمان کے مطابق وزیرقانون رانا ثناء اللہ کو محکمہ بلدیات ، وزیرزراعت احمد علی اولکھ کو کمیونیکیشن اینڈ ورکس، وزیراوقاف احسان الدین قریشی کو ہاوٴسنگ اور اربن ڈویلپمنٹ جبکہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے وزیر چوہدری عبدالغفور کو توانائی کے محکمے کا بھی اضافی چارج دے دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق سینیٹر پرویز رشید کو محکمہ اطلاعات،جہانزیب برکی محکمہ پبلک پراسیکیوشن، سعید مہدی کو مینجمنٹ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، صوبائی مشیر منشاء اللہ بٹ کو محکمہ خوراک اور ماحولیات کا نگران مقرر کردیا گیا۔ترجمان نے واضح کیا کہ محکمہ صحت کا چارج وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے پاس ہی رہے گا۔