26 جون ، 2017
عید جیسے خاص تہوار سے کچھ خاص روایات بھی جڑی ہوئی ہیں جس میں کھانے ذکر خاص ہیں اور دنیا کے مختلف ممالک میں اس موقعے کی مناسبت سے اسپیشل میٹھی ڈشز تیار کی جاتی ہیں۔
پاکستان:
پاکستان میں عیدالفطر کو میٹھی عید بھی کہا جاتا ہے اور اسی مناسبت سے اس روز خاص طور پرمیٹھی ڈشیں تیار کی جاتی ہیں جس میں سب سے قابل ذکر شیر خورما ہے۔
دودھ میں سویاں ڈال کر تیار کیا جانے والا شیر خورما عید کے روز تقریباً ہر گھر کے دسترخوان پرموجود ہوتا ہے جب کہ اسے عید کی نماز سے پہلے بھی کھایا جاتا ہے۔
بھارت:
پڑوسی ملک بھارت میں عید کی مناسبت سے فیرنی بنائی جاتی ہے جو دودھ میں پسے چاول ور چینی ملا کر تیار کی جاتی ہے۔
اس میں چاول کے ساتھ سوجی کا بھی استعمال کیا جاتا ہے اور چاہیں تو ثابت دانا بھی استعمال کرسکتے ہیں جس سے یہ مزید خوش ذائقہ ہوسکتی ہے۔
بنگلا دیش:
بنگلا دیش میں بھی عید کے روز مہمانوں کی تواضع زیادہ تر روایتی مٹھائیوں سے کی جاتی ہے جب کہ کھوپرے اور اصلی گھی سے تیار کردہ مٹھائیاں بنگلادیش کی مشہور سوغات تصور کی جاتی ہیں۔
انڈونیشیا:
انڈونیشیا میں روایتی طور پر مونگ پھلی سے تیار کردہ میٹھی ڈش بہت پسند کی جاتی ہے جو پاکستانی حلوے سے ملتی جلتی ہے اور اسے خاص عید الفطر کے موقعے پر تیار کیا جاتا ہے۔
انڈونیشیا کی اس میٹھی ڈش کو وہاں کا حلوہ بھی کہا جاسکتا ہے۔
ملائیشیا:
ملائیشیا میں عید کے لیے خاص طور پر لوہی نامی کیک بنائے جاتے ہیں جو کہ گندم ،مکھن، انڈے اور چینی سے تیار کیا جاتا ہے۔
جب کہ اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ رنگوں سے لبریز ہوتے ہیں جنہیں دیکھ کر ہی دل للچا جاتا ہے۔
عرب:
عرب ممالک میں عید کے دن خاص قسم کا قہوہ بنایا جاتا ہے جس میں خاص طور پر سونف اورالائچی کے استعمال کے ساتھ مقامی چیزیں بھی ڈالی جاتی ہیں۔
عید کے روز مہمانوں کی تواضع مٹھائیوں کے علاوہ اس قہوے سے کی جاتی ہے۔
عراق:
عراق میں کھجور کا حلوہ بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے جسے خاص عید کے موقعے پر تیار کیا جاتا ہے۔
مقامی روایت کے مطابق نماز عید سے قبل ناشتے میں کریم اور شہد سے روٹی کھائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ میٹھے کے طور پر گھروں میں ہی چھوٹے چھوٹے کیک بنائے جاتے ہیں جنہیں اس پرمسرت موقعے پر محلے اور عزیز و اقارب میں بھیج تقسیم کیا جاتا ہے۔
یمن:
یمن میں عید کی مٹھاس ان کی مقامی سوئٹ ڈش بنت الصحن سے دوبالا ہوتی ہے جہاں اسے عید کے روز دسترخوان کی خوبصورتی قرار دیا جاتا ہے۔
یہ ڈش میدے کی تہوں پر مبنی ہوتی ہے جس پر شہد اور کلونجی اوپر سے ڈالی جاتی ہے۔
شام:
شام میں عید کی مناسبت سے مقامی میٹھی ڈش مامونیا تیار کی جاتی ہے جس میں انڈہ اور دودھ شامل ہوتا ہے اور یہ ایک قسم کی پوڈنگ کہلاتی ہے۔
مصر:
عید الفطر کے دن مصر میں مہمانوں کی خاطر تواضع روایتی مٹھائیوں ’’کنافہ‘‘ اور ’’قطائف‘‘ سے کی جاتی ہے۔
خشک دودھ، میوہ جات اور گندم کے آٹے سے بنی یہ مٹھائی وہاں کی لذیذ ترین میٹھی ڈش ہے جسے بے حد پسند کیا جاتا ہے۔ عید کے روز خواتین ناریل سے خاص قسم کا بسکٹ بناتی ہیں جس کے اوپر چینے کے دانوں کو موتیوں کی طرح سجایا جاتا ہے۔ عید پر دعوتوں اور مبارکباد دینے کے لیے اس خاص تحفے کو لے کر جایا جاتا ہے۔
مصر میں اس کے علاوہ عید سمیت دیگر خوشیوں کے مواقع پر ایک اور میٹھی ڈش تیار کی جاتی ہے جسے کھاک کہا جاتا ہے۔ یہ شہد، اخروٹ اور پستے سے تیار کی جاتی ہے جسے پسی ہوئی چینی سے ڈھانپ کر مزید خوبصورت اور لذیذ بنایا جاتا ہے۔
صومالیہ:
صومالیہ میں عید کے روز الگ انداز کا میٹھا بنایا جاتا ہے جسے وہاں کی مقامی زبان میں کمبابر کہا جاتا ہے۔
اسے زیادہ تر عید کے ناشتے کے لیے بنایا جاتا ہے جو چینی، آٹے، کلونجی، ذیرہ، ہلدی اور خمیر سے بنی ہوئی ایک میٹھی روٹی ہوتی ہے جسے دہی کے ساتھ نوش کیا جاتا ہے۔
برما:
برما کی مسلم خواتین عید کے لیے خاص طور پر سویاں بناتی ہیں جس کو میوہ جات اور دودھ کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔
مقامی روایت کے مطابق ان سویوں میں زردے کا رنگ بھی کچھ لوگ شامل کرتے ہیں۔
برونائی:
برونائی کی خواتین خاص طور عید کے دن ایک مخصوص مٹھائی ’’بکلاوہ‘‘ سے تواضع کرتی ہیں۔ یہ مٹھائی شہد، مکھن، اصلی گھی، میدہ، بادام، چینی اور اخروٹ سے تیار کی جاتی ہے جب کہ یہ نہ صرف برونائی کی روایتی مٹھائی ہے بلکہ پورے عرب کی بھی مشہور مٹھائی مانی جاتی ہے۔
اس کے علاوہ عید کے روز وہاں ہر دوسرے گھر میں ایک خاص قسم کا کیک ضرور بنایا جاتا ہے جوتہہ در تہہ میوہ جات، کھجوروں اور موسمی پھلوں کی باریک پھانکوں کی مدد سے تیار کیا جاتا ہے۔