پاکستان
29 جون ، 2017

نوازشریف اور عمران خان کو جمہوریت کی فکر نہیں، زرداری

نوازشریف اور عمران خان کو جمہوریت کی فکر نہیں، زرداری

سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ مریم بی بی کی بات آئی ہے تو ان کو تکلیف ہوگئی ہے، وہ زمانہ بھول گئے جب ہماری انٹروگیشن ہوتی تھی۔

پیپلزپارٹی کے کو چیئرمین آصف علی زرداری نے نوشہروفیروز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آج ان کو پتا لگ رہا ہے احتساب کیا ہوتا ہے، یہ تو ابتدا ہے ان کےساتھ تو کچھ ہوا ہی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کل امریکا کا پاکستان کے خلاف بیان آیا تو چین نے ہماری مدد میں بیان جاری کیا،چین کے ساتھ سرمایہ کاری پیپلزپارٹی کا تحفہ ہے۔

سابق صدر کا کہنا ہے کہ بھٹو کا دیا ہوا آئین ہم نے مکمل کیا ، پہلے بھی کہا تھا کہ یہ آراو الیکشن تھے لیکن جمہوریت کے خاطر سب قبول کیا ۔

آصف علی زرداری کا یہ بھی کہنا ہے کہ مجھے جمہوریت کی قد ر ہے، جبکہ نوازشریف کو نہیں ہے،حکمران ہمارے احتساب کو بھول چکے ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ میاں صاحب آپ کو اب معلوم ہوا کہ احتساب کیا ہوتا ہے،تاریخ بتار ہی ہے میاں صاحب آپ چھپ نہیں سکتے ۔

آصف زرداری نے یہ بھی کہا کہ نوازشریف اور عمران خان کو جمہوریت کی فکر نہیں،دنیا بھر میں جانور اچھے ہیں جبکہ ہمارے پاس انسان بھی اچھی حالت میں نہیں۔

مزید خبریں :