کھیل
06 جولائی ، 2017

پاکستانی باکسرمحمد وسیم نے ایک اورانٹرنیشنل رینکنگ فائٹ جیت لی

پاکستانی باکسرمحمد وسیم نے ایک اورانٹرنیشنل رینکنگ فائٹ جیت لی

کوئٹہ سےتعلق رکھنے والےورلڈ باکسنگ کونسل سلورفلائی ویٹ چیمپئن پاکستانی باکسر محمد وسیم کی بین الاقوامی سطح پر پروفیشنل باکسنگ میں کامیابیوں کاسلسلہ جاری ہے۔

جمعرات کو انہوں نے ایک اورانٹرنیشنل فائٹ میں کامیابی حاصل کی۔ ان کا مقابلہ پاناما کےباکسر ایلی سروالڈیز سے تھا ۔

ورلڈ باکسنگ کونسل کےتحت ہونےوالی فائٹ آٹھ راؤنڈز پرمشتمل تھی تاہم محمد وسیم فائٹ سے قبل ہی جارحانہ موڈ میں نظرآئے اوراس کا مظاہرہ انہوں نے فائٹ کےآغاز میں پہلے ہی راؤنڈ میں حریف باکسر کو ناک آوٹ کرکےکیا تا ہم اس نے شکست تسلیم کرنےسے انکارکردیا جس پردوسرا راؤانڈ ہوا اور اس راؤنڈ میں محمد وسیم نے مخالف پر تابڑ توڑ حملے کئے اوراسے مکمل ناک آوٹ کردیا ۔

وسیم نے یہ فائٹ دوسرے راؤنڈ میں جیت کر مسلسل چھٹی فائٹ میں ناقابل تسخیر ہونےکا اعزاز بھی برقرار رکھا ۔وہ اپنی شاندار کامیابی پر بےحد خوش نظر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس فائٹ کے لئے زبردست محنت کی تھی۔

پاکستانی کوچ محمدطارق سے کوچنگ کےعلاوہ انہوں نے امریکی ٹرینر جیف مے ویدر سے بھی تربیت حاصل کی جس کی بنا پر وہ اپنی کامیابی کے لئے نہایت پرعزم بھی تھے ۔

محمد وسیم کےاہل خانہ نے بھی ان کی کامیابی پر بےحد خوشی کا اظہار کیا ۔ ان کےبھائی محمد فہیم کا کہنا تھا کہ محمد وسیم نے اس فائٹ کےلئےبہت محنت کی تھی۔

رمضان میں روزے کےباوجود وہ کوئٹہ میں اپنےقیام کےدوران سخت پریکٹس کرتے رہے۔ہمیں یقین تھا کہ ان کی محنت انشاء اللہ ضرور رنگ لائےگی۔۔اور ایسا ہی ہوا۔۔

محمدوسیم کا آئندہ ہدف ڈبلیو بی سی گولڈ ٹائٹل حاصل کرنےکا ہے جس کےلئے وہ رواں سال کےآخر میں جاپانی یا اسکاٹ لینڈ کےباکسروں کےدرمیان گولڈ ٹائٹل کےلئےہونے والی چیلنج فائٹ کےفاتح سے رواں سال کےآخر یا آئندہ سال کےشروع میں مقابلہ کریں گے۔

اس وقت ڈبلیو بی سی گولڈ ٹائٹل جاپانی باکسر کےپاس ہے جنہیں اسکاٹ لینڈ کےباکسر نےچیلنج کر رکھا ہے۔

محمد وسیم کی خواہش ہے کہ وہ ڈبلیو بی سی گولڈ ٹائٹل حاصل کرکےپاکستان کےلئے تاریخ رقم کریں۔

مزید خبریں :