19 جولائی ، 2017
قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک کا پاکستان کی خوبصورتی کو سامنے لانے اور منفرد ریکارڈ بنانے کے لیے ٹوئٹر پر متعارف کردہ ’’پاکستان زندہ باد‘‘ ہیش ٹیگ سوشل میڈیا پر مقبول ہوگیا۔
شعیب ملک نے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت چہرہ سامنے لانے کے لیے ٹوئٹر پر ایک تحریک کا آغاز کیا ہے اور وہ ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے ہیش ٹیگ کو سب سے طویل عرصہ ٹرینڈ بنانے کے ورلڈ ریکارڈ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
قومی کرکٹر کا ’’پاکستان زندہ باد‘‘ ہیش ٹیگ سوشل میڈیا پر بے حد مقبول ہوگیا ہے اور دنیا بھر سے ہزاروں افراد نے اس ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹوئٹ کرنا شروع کردی ہیں۔
جب کہ اس تحریک میں سیاست دانوں، فنکاروں اور کھلاڑیوں سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہورہے ہیں۔
’’پاکستان زندہ باد‘‘ تحریک میں پاکستان کے قیام کے بعد سے اب تک کے کئی ریکارڈز، خوبصورت مقامات اور کھانوں کے حوالوں سے دلچسپ ٹوئٹ کیے گئے ہیں۔
سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے اپنی اہلیہ شنیرا اکرم کے ساتھ آبائی علاقے لاہور مزنگ کی گلیوں کی تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ جگہ ہے جہاں میں بڑا ہوا ہوں اور اس کا دل میں ایک الگ مقام ہے۔
وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے بھی پاکستان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی بچوں کے ساتھ تصاویر ٹوئٹ کی ہیں جس میں ان کا کہنا تھا کہ یہ وہی لوگ ہیں جو اس ملک کو اچھا بناتے ہیں اور اس ملک کی دھڑکن ہی عوام ہیں۔
سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے بھی اعلیٰ فوجی اعزاز ’’نشان حیدر‘‘ لینے والے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی خاتون رہنما ماروی میمن نے بھی سکھر کے دیہی علاقے کی تصویر پوسٹ کی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی احمد شہزاد نے اس ٹرینڈ میں پاکستانی ٹرک آرٹ کی تصاویر شیئر کی جس میں سے ایک کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی بھی ٹرک کے پیچھے بنی تصویر شامل ہے۔
اپنی مذاحیہ ویڈیوز سے سوشل میڈیا پر عوام کو محظوظ کرنے والے پاکستانی نژاد کینیڈین زید علی بھی پیچھے نہ رہے اور ٹرینڈ میں شامل ہوکر اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ میں کہیں بھی رہوں یہ کوئی معنی نہیں رکھتا ہے اور میں ہمیشہ دل سے پاکستانی رہوں گا۔
اداکار فہد مصطفیٰ نے بھی پاکستان زندہ باد ہیش ٹیگ کے ساتھ 7 براعظموں کی 7 بلند ترین چوٹیاں سر کرکے منفرد عالمی ریکارڈ بنانے والی پاکستانی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ کی تصویر شیئرکی۔
اسد حفیظ نامی ٹوئٹر صارف نے مسلم دنیا کے پہلے پاکستانی ماڈرن آرٹس عبدا لرحمان چغتائی کی تصاویر شیئر کیں تو وہیں صبا نامی خاتون نے 1959 کے عالمی مقابلے میں پاکستان کے لیے پہلا گولڈ میڈل لینے والے ایتھلیٹ عبدالخالق کی نایاب تصویر ڈالی۔
پاکستان زندہ باد ہیش ٹیگ تحریک میں ٹوئٹر استعمال کرنے والے صارفین نے پاکستان کے خوبصورت مقامات کی تصاویریں بھی پوسٹ کی ہیں جب کہ بعض افراد نے پاکستان کی ثقافت، خوبصورتی کے رنگ اور مختلف کھانوں سے متعلق معلومات بھی پوسٹ کی ہیں۔