05 اگست ، 2017
باکسر عامر خان نے اہلیہ فریال مخدوم کو باضابطہ طلاق دے دی ہے۔
گزشتہ دنوں اہلیہ کے ساتھ سالگرہ منانے والے عامر خان اور فریال کے درمیان اس قدر تلخیاں ہیں یہ کسی کو معلوم نہ تھا۔ اہلیہ کے ہمراہ بظاہر خوشی خوشی سالگرہ منانے والے عامر خان اور فریال نے چند دن بعد ہی ایک دوسرے پر الزامات کی بارش کردی۔
گزشتہ روز ٹوئٹر پر عامر اور ان کی اہلیہ فریال نے ایک دوسرے پر الزامات کی بارش کردی اور دونوں نے ایک دوسرے کے کرداروں پر بھی سوالیہ نشان کھڑے کردیئے۔
فریال مخدوم نے عامر پر الزام لگایا کہ وہ ہر وقت بری عورتوں اور شراب کے درمیان رہتے ہیں جب کہ عامر کا کہنا تھا کہ فریال کی دلچسپی کسی دوسرے شخص میں ہے اور وہ بھی ایک باکسر ہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: باکسر عامر خان نے اہلیہ فریال مخدوم سے علیحدگی کا اعلان کردیا
نمائندہ جیونیوز کےمطابق الزمات در الزامات کے بعد فریال مخدوم نے عامر خان کو صلح کی پیشکش کی تھی جو باکسر نے مسترد کردی۔
ذرائع نے بتایا کہ فریال کے اہل خانہ کی طرف سے عامر کو یہ تجویز دی گئی تھی کہ وہ اپنا اور فریال کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہونے کا کہیں لیکن عامر خان نے اس تجویز کو بھی رد کردیا اور ویڈیو پیغام کےذریعے طلاق دینے کی تصدیق کردی۔
ذرائع نے بتایا کہ طلاق باہمی رضا مندی سے نہیں ہوئی اس لیے یہ معاملہ عدالت میں جاسکتا ہے اور اگر معاملہ عدالت میں گیا تو فریال مخدوم عامر خان کی جائیداد کی آدھی حقدار ہونے کا دعویٰ کریں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر خان کے اثاثوں کی مالیت ڈھائی کروڑ پاؤنڈ ہے۔
دوسری جانب فریال مخدوم نے کہا تھا کہ عامر خان نے انہیں باضابطہ طلاق نہیں دی ہے جس کے بعد برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہےکہ عامر خان نے اہلیہ کو باضابطہ طلاق دی ہے جو ایس ایم ایس کےذریعے دی گئی ہے جس میں عامر نے فریال کو تین مرتبہ طلاق لکھ کر بھیجا۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل فریال مخدوم کے عامرخان کے اہل خانہ کے ساتھ شدید اختلافات سامنے آئے تھے جس کے بعد عامرنے فریال کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔