پاکستان
06 اگست ، 2017

یہ نہیں ہوسکتا کہ کشمیر میں ظلم و ستم ہو اور ہم سودے بازی کرلیں، وزیرخارجہ

یہ نہیں ہوسکتا کہ کشمیر میں ظلم و ستم ہو اور ہم سودے بازی کرلیں، وزیرخارجہ

وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ظلم و ستم کا بازار گرم ہو اور ہم کشمیر پر سودے بازی کرلیں، ایسا نہیں ہوسکتا۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان کے ساتھ امن کشمیر سے وابستہ ہے تاہم یہ نہیں ہو سکتا ہے کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم ہو اور ہم سودے بازی کرلیں، کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق رائے شماری کا حق مانگتے ہیں۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ کشمیر میں امن کے بغیر پاکستان اور بھارت کے درمیان پائیدار امن ممکن نہیں ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ حالات معمول پر لانا چاہتے ہیں لیکن کوئی مثبت جواب نہیں مل رہا جب کہ بھارت مغربی سرحد پر مسلسل حالات خراب کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی خارجہ پالیسی پاکستان کے عوام کی خواہشات اور ملک کے مفادات کے مطابق ہے۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان سے بھی دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، یہ صرف ہماری خواہش پر نہیں ہوگا تاہم بھارت کو بھی اس میں کردار ادا کرنا ہوگا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے دہشت گردی سے لڑ رہا ہے اور اب ملک میں دہشت گردی پہلے سے بہت کم ہوئی ہے جس میں پاک فوج کی قربانیوں کا اہم کردار ہے۔

مزید خبریں :