06 مارچ ، 2025
بھارت کے معروف ہدایت کار انوراگ کشیپ نے بالی وڈ انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انوراگ کشیپ نے باضابطہ طور پر بالی وڈ چھوڑنے کی تصدیق کر دی ہے اور اس انڈسٹری کو زہریلا قرار دیا ہے جو صرف باکس آفس کے نمبروں کے گرد گھومتی ہے۔
گینگز آف واسع پور جیسی مشہور فلم کے ہدایت کار انوراگ نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کی اور ہندی فلم انڈسٹری سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ ممبئی چھوڑ چکے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انوراگ کشیپ کا کہنا ہے کہ میں بالی وڈ فلمی دنیا کے لوگوں سے دور رہنا چاہتا ہوں۔ یہ انڈسٹری بہت زہریلی ہو چکی ہے۔ ہر کوئی غیر حقیقی اہداف کے پیچھے بھاگ رہا ہے، اگلی 500 یا 800 کروڑ کی فلم بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ جس کی وجہ سے تخلیقی ماحول ختم ہو چکا ہے۔
ذرائع نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ انوراگ ممبئی چھوڑ کر ممکنہ طور پر بنگلور منتقل ہو گئے ہیں۔
انوراگ کشیپ نے ماضی میں بھی بالی وڈ سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ساؤتھ کی فلم انڈسٹری میں کام کرنے خواہش ظاہر کی تھی تاکہ ایک زیادہ تخلیقی اور اطمینان بخش تجربہ حاصل ہو۔
گزشتہ سال دسمبر میں انوراگ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ بالی وڈ سے بالکل مایوس ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ ہدایتکار انوراگ کشیپ وہ بھارتی فلم ساز ہیں جنہوں نے کئی ستاروں کو متعارف کروایا،ان میں نواز الدین صدیقی کا نام سرِ فہرست ہے۔