چوہدری نثار کے پارٹی کے قائم مقام صدر کے انتخاب کے طریقہ کار پر تحفظات

سابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے پارٹی کے قائم مقام صدر کے انتخاب کے طریقہ کار پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس چیرمین راجا ظفرالحق کی زیرصدارت پنجاب ہاؤس میں ہوا جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی شرکت کی۔

مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے دوران قائم مقام صدر کے انتخاب کے طریقہ کار پر چوہدری نثار نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس سے پہلے پارٹی کے قائم مقام صدر کے نام کا اعلان کیوں کیا گیا۔

چوہدری نثار نے کہا کہ جب تمام فیصلے لاہور میں بیٹھ کر کرنے ہیں تو پھر مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس بلانے کی کیا ضرورت تھی۔

چوہدری نثار نے تحفظات کا اظہار وزیراعظم کے سامنے کیا، لیکن کسی پارٹی رکن نے اس موقع پر جواب نہیں دیا لیکن خواجہ سعد رفیق نے چوہدری نثار کے تحفظات کی تائید کی اور کہا کہ چوہدری نثار جو کہہ رہے ہیں ٹھیک کہہ رہے ہیں۔

مزید خبریں :