Time 09 ستمبر ، 2017
پاکستان

انصار الشریعہ کے دہشت گردوں کے ’کوڈ ورڈز‘


نئی ابھرنے والی دہشت گرد تنظیم انصار الشریعہ کے ارکان کی حالیہ گرفتاری کے بعد ان کے باہمی کوڈ ورڈز بھی منظر عام پر آنا شروع ہوگئے۔

نمائندہ جیو نیوز ذیشان شاہ کے مطابق انصار الشریعہ کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ ہاشمی سے کی گئی تفتیش میں جو کوڈ ورڈز سامنے آئے ہیں ان میں ایک ’’چائے پیو گے؟‘‘  جس کا مطلب ’’بلاوا‘‘  اور دوسرا ’’چائے پینے سے انکار‘‘ تھا جس کا مطلب ملاقات کیلئے رضامندی تھا۔

شاہ کب ملنا ہے؟کیسے ملنا ہے؟ اور کہاں ملنا ہے؟ انصار الشریعہ کے ارکان اس طرح کے تمام معاملات کوڈ ورڈز میں طے کیا کرتے تھے۔

عبداللہ ہاشمی نے تفتیشی حکام کو بتایا کہ جب انہیں کسی کو طلب کرنا ہوتا تو فون پر کہا جاتا، "چائے پیو گے؟جبکہ چائے پینے سے انکار کا مطلب یہ ہوتا کہ ملاقات طے ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ ملنے کا مقام بھی کوڈ ورڈز میں طے کیا جاتا تھا۔

تفتیشی حکام کے مطابق تنظیم میں شامل کسی شخص کا کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں ہے، انصار الشریعہ کے 6 ارکان نے افغانستان میں اسلحہ چلانے کی تربیت حاصل کی جب کہ تنظیم القاعدہ رہنما ایمن الظواہری کو اپنا لیڈر مانتی ہے۔

انصار الشریعہ کے ارکان شہر میں وارداتوں کے لیے القاعدہ رہنما عبداللہ بلوچ سے رابطے میں رہتے تھے، جو ان کی کارروائیوں سے مطمئن نہیں تھا۔ اُس کا موقف تھا کہ پولیس کو ٹارگٹ کرنے سے مطلوبہ دہشت نہیں پھیل رہی۔

دوسری جانب انصار الشریعہ کے گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی پرسہراب گوٹھ کے قریب واقع کہکشاں سوسائٹی سے ثاقب نامی شخص کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

ذرائع ثاقب کا تعلق بھی انصارالشریعہ سے بتارہے ہیں۔ ثاقب بھی تنظیم کے دیگر ارکان کی طرح تعلیم یافتہ اور ایک نجی کمپنی میں ملازمت کرتا ہے۔

مزید خبریں :