09 ستمبر ، 2017
کراچی: ہاکس بے کے ساحل پر 12 افراد سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے جس میں سے 10 افراد کی لاشیں سمندر سے نکال لی گئی ہیں۔
ہاکس بے پر پکنک منانے کے لیے جانے والے 12 افراد نہاتے ہوئے سمندر کی موجوں کی نذر ہوگئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں اور ڈوبنے والوں کی تلاش کا کام شروع کردیا۔
ریسکیو ٹیموں نے 10 افراد کی لاشیں نکال لی ہیں جب کہ ڈوبنے والے 2 افراد کو بچالیا گیا ہے۔
ریسکیو ٹیموں کے مطابق ڈوبنے والے زیادہ تر افراد ایک دوسرے کو بچانے کی کوششوں میں سمندر کی نذر ہوئے ہیں۔
دوسری جانب فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ لائف گارڈز نے10 لاشیں نکال لی ہیں اور 2 افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے جب کہ ریسکیو آپریشن بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق نکالی جانے والی لاشوں میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔
وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔